شمالی وزیرستان میں شہید ہونیوالے میجر محمد اویس کی نماز جنازہ ادا

(آئی ایس پی آر) کے مطابق 26 دسمبر 2024ء کوشمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد اویس شہید کی نماز جنازہ میران شاہ میں ادا کر دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں اور عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میجر محمد اویس شہید کے جسد خاکی کو آبائی علاقے نارووال روانہ کردیا گیا جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے جڑ سے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جاری اعلامیے میں بتایا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر بنوں کے علاقے جانی خیل میں کارروائی کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں 2 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں ایک اور خفیہ اطلاع پر کارروائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ تیسرا آپریشن جنوبی وزیرستان میں کیا گیا، جہاں 6 خارجی دہشت گرد مارے گئےجبکہ 8 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کسی بھی خارجی دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔