چین کی جانب سے 7 امریکی کمپنیوں پر پابندی عائد

چین کی جانب سے تائیوان کو اسلحہ فراہم کرنے کر پر 7 امریکی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کی وزارت خارجہ نے امریکی فوجی صنعتی کمپنیوں پر پابندی کے حوالے سے بیان میں کہا کہ مذکورہ پابندیاں 27 دسمبر سے نافذ العمل ہوں گی۔

جی این این کے مطابق چین کی جانب سے پابندیوں کا شکار ہونے والی امریکی فوجی صنعتی کمپنیوں میں ایرکوم، ہڈسن ٹیکنالوجیز، انسٹیٹو، اوشینیئرنگ انٹرنیشنل، ریتھیون آسٹریلیا، ریتھیون کینیڈا اور سارونک ٹیکنالوجیز شامل ہیں،پابندیوں کے تحت چینی اداروں اور افراد کو مذکورہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ کسی بھی لین دین، تعاون یا دیگر قسم کے تعامل میں ملوث ہونے سے ممانعت ہو گی۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین میں ان امریکی کمپنیوں اور افراد کے ریئل اسٹیٹ اور دیگر اثاثے منجمد کر دیئے گئے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نےاپنے بیان میں مزید کہا کہ امریکی کمپنیوں نے ون چائنہ پالیسی کی خلاف ورزی کی، امریکا کے دفاعی بجٹ میں چین کے حوالے سے متعدد منفی شقیں شامل ہیں۔

چینی وزارت خارجہ نے نشان دہی کی ہے کہ امریکا نے حال ہی میں ایک بار پھر ہتھیاروں کی شکل میں بڑی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت کا اعلان کیا ہے۔