شام کے وزرائے خارجہ و دفاع کا متحدہ عرب امارات کا اولین دورہ

العربیہ کے مطابق سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے بتایا کہ شام کے نئے وزیرِ خارجہ اسد الشیبانی گذشتہ ماہ صدر بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد ملک کے اولین دورے پر پیر کو متحدہ عرب امارات پہنچے۔

سانا کی خبر کے مطابق “الشیبانی، وزیرِ دفاع مرھف ابو قصرہ اور انٹیلی جنس چیف انس خطاب کے ہمراہ متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں۔”

الشیبانی نے ایکس پر جہاز سے اترتے ہوئے اپنی ایک تصویر بھی پوسٹ کی اور کہا کہ وہ “دو طرفہ تعمیری تعلقات استوار کرنے” کے منتظر ہیں۔

ان کا متحدہ عرب امارات کا یہ سفر اتوار کو خلیجی ہمسایہ ممالک قطر اور گذشتہ ہفتے سعودی عرب کے دورے کے بعد ہوا ہے۔