جاپان کو ہر سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لئے خوش آمدید کہتے ہیں، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئی چی (Akamatsu Shui Chi) کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں معیشت ، زراعت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ جاپان کو ہر سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لئے خوش آمدید کہتے ہیں، صدر پاکستان آصف علی زرداری کے ویژن کے مطابق پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں زرخیز زمین اور آب و ہوا کی وجہ سے یہاں کے پھلوں اور سبزیوں کا ذائقہ پوری دنیا میں مشہور ہے، صوبہ پنجاب میں زراعت کے شعبے میں جاپان کی مہارتوں سے استفادہ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

اس موقع پر جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئی چی نے کہا ہے کہ ٹیکسلا آثار قدیمہ دیکھ کر خوشی ہوئی، پاکستان میں تقریباً 80 کمپنیاں کام کر رہی ہیں، پاکستان اور جاپان کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے، جاپان پاکستان کے ساتھ ثقافت اور تجارت سمیت دیگر شعبوں میں وسعت دینے میں پرعزم ہے۔