صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ سے گریٹ ہال آف دی پیپل میں ملاقات کی ہے۔ملاقات میں پاک چین دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کرتے ہوئے ’آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر شپ‘ پر روشنی ڈالی گئی ۔صدرِ مملکت نے علاقائی روابط، اقتصادی ترقی کے فروغ میں سی پیک کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔اس موقع پر فریقین نے سی پیک 2.0 کے تحت قابلِ تجدید توانائی، سائنس اور ٹیکنالوجی، انفرااسٹرکچر اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا.دوسری جانب بیجنگ میں منعقدہ ایک تقریب میں پاکستان اور چین کے مابین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔اس تقریب میں بھی صدر آصف علی زرداری، وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شرکت کی۔تقریب میں ٹھٹہ سیمنٹ کمپنی اور چین کے چنگ گانگ کنسٹرکشن گروپ کے مابین ایم او یو پر دستخط ہوئے۔ایم او یو کے تحت پاکستان میں سیمنٹ کی پیداوار میں 5 ہزار ٹن یومیہ اضافے کے لیے پروڈکشن لائن لگائی جائے گی۔
