کراچی میں ہیوی ٹریفک کے باعث حادثات پر اشتعال انگیز بیان پر پولیس نے چیئرمین مہاجر قومی موؤمنٹ آفاق احمد کو گرفتارکرلیا۔ حکام کے مطابق آفاق احمد کے اُکسانے پرشہرمیں 4 مال بردار گاڑیاں جلائی گئیں۔ دس افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آفاق احمد کے کہنے پر کراچی میں مال بردار گاڑیاں جلائی گئیں، کورنگی میں مال بردار گاڑیوں کو جلانے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین کے خلاف جلاؤ گھیراؤ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
لانڈھی پولیس کے مطابق آفاق احمد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ان سے تفتیش جاری ہے۔ لانڈھی اور کورنگی تھانے میں ایف آئی آر درج کرلی گئی۔
واضح رہے کہ بیالیس دنوں میں 104 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد پولیس ہیوی ٹریفک مافیا کو تو لگام نہ ڈال سکی مگر 4 گاڑیاں جلیں تو کراچی پولیس چیف نے آگ لگانے والے ملزمان کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کےتحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ دس افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے، وزیرداخلہ سندھ نے واضع کردیا کہ کسی کوقانون ہاتھ میں لینےکی اجازت کسی کو نہیں۔