حزب اللہ کے شہید رہنما حسن نصر اللہ کا جنازے کے روز بیروت نو فلائی زون ہوگا

حزب اللہ کے شہید رہنما حسن نصر اللہ کے جنازے میں ایران کا اعلیٰ سطح وفد شرکت کرے گا۔

لبنان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ 23 فروری 2025 کو دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے بیروت ہوائی اڈہ بند کر دیا جائے گا اور طیاروں کو ٹیک آف اور لینڈنگ کی اجازت نہیں ہو گی۔

نصراللہ کو اس وقت شہید کیا گیا جب حزب اللہ اور اسرائیل تقریباً ایک سال سے سرحد پار دشمنی میں الجھے رہے۔ لبنانی مسلح گروپ نے غزہ میں اپنے فلسطینی اتحادی حماس کی حمایت میں اسرائیل پر حملے کیے۔

رپورٹ کے مطابق، لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کی میڈیا کمیٹی کے سربراہ شیخ اخضر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران سید حسن نصر اللہ کی تدفین کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس تقریب کی کوریج کے لیے مختلف ممالک سے کم از کم 30 میڈیا ٹیمیں شرکت کریں گی۔

شیخ اخضر نے مزید کہا کہ حزب اللہ غاصب صیہونی رژیم کی دھمکیوں اور جارحیت کی پرواہ کئے بغیر آئندہ اتوار (23 فروری) کو شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ ادا کرے گی۔

انہوں نے تاکید کی کہ جنازے کی تقریب باضابطہ طور پر بیروت کے مقامی وقت کے مطابق صبح 9:00 بجے شروع ہوگی اور اسی دن شام 30 :5 بجے تک جاری رہے گی اور اس دوران مختلف ذرائع ابلاغ کی جانب سے تقریب کی براہ راست کوریج کے لئے ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔