امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔
امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز کا نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے رابطہ ہوا ہے، گفتگو میں انسداد دہشت گردی کی پاکستان کی کوششوں پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکر یہ کا پیغام پہنچایا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ گفتگو میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے فوجی ساز و سامان کی واپسی کے اعلان کو پاکستان کی جانب سے سراہا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سی آئی اے کی دی گئی معلومات کی بنیاد پر داعش کےکمانڈر کو گرفتار کیا جو 2021 میں افغانستان میں امریکی فوج کے انخلا کے موقع پر کی گئی بھیانک دہشتگردی کی سازش میں ملوث تھا۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے 2021 میں کابل دھماکے کے دہشتگرد کی گرفتاری میں تعاون پر حکومت پاکستان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دہشتگرد کی گرفتاری میں مدد پر پاکستان کا خصوصی طورپر شکریہ اداکرتا ہوں۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف تعاون میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔