موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے جدید مالیاتی ماڈلز ضروری ہیں، وزیر خزانہ

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے ایکیومن پاکستان کی سی ای او اور کنٹری ہیڈ ڈاکٹر عائشہ خان نے وفد کےہمراہ اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں وفد نے وفاقی وزیر کو پاکستان کے لیے 9 کروڑ ڈالر کے ایگریکلچر ریزیلینس فنڈ پر پیش رفت سے آگاہ کیا، جو ایک جدید فنانسنگ سہولت ہے ،جس کا مقصد زرعی شعبے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور موافقت پیدا کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی خطرات سے سب سے زیادہ دوچار ہیں۔دونوں فریقین نے پاکستان کے زرعی شعبے کو مزید مستحکم، پائیدار اور موسمیاتی لچکدار بنانے کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔