کراچی: سندھ اور پنجاب حکومت کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے صدرِ مملکت کی طلبی پر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کراچی پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق کراچی پہنچنے کے بعد محسن نقوی نے سندھ کابینہ کے وزرا سے ملاقاتیں کیں اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر داخلہ نے سندھ کے وزیرِ داخلہ ضیاء الحسن لنجار کے گھر جا کر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحومہ کے لیے مغفرت و درجات کی بلندی جبکہ اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن بھی موجود تھے۔
ایوانِ صدر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ٹیلی فونک رابطے کے ذریعے فوری طور پر کراچی طلب کیا اور دونوں صوبوں کے درمیان جاری تناؤ پر تفصیلی گفتگو کی۔
یاد رہے کہ سینیٹ میں اپنے خطاب کے دوران وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا تھا کہ صدر آصف علی زرداری ایک بردبار اور تجربہ کار سیاستدان ہیں، جو اختلافات ختم کرنے اور سیاسی ہم آہنگی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ان کے مطابق صدر زرداری جلد ہی پیپلز پارٹی کی قیادت کو بھی اعتماد میں لیں گے، لہٰذا اپوزیشن کو اس صورتحال پر قبل از وقت خوش ہونے کی ضرورت نہیں۔