جے ڈی سی شمیم شیخانی اولڈ ایج ہوم کا افتتاح
خدارا والدین کو بے گھر نہ کریں ، نمائش پر ہمارے اولڈ ایج ہوم بھیج دیں۔ علی شیخانی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی سب سے بڑی فعال فلاحی تنظیم جے ڈی سی فاؤنڈیشن پاکستان کے چوتھے اولڈ ایج ہوم کا افتتاح ہوگیا ، ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی کے قریب جے ڈی سی شمیم شیخانی اولڈ ایج کا افتتاح علی شیخانی نے کیا ، اس موقع پر مولانا منظر تھانوی نے دعا بھی کرائی ، میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکی سیاست دان اور تاجر علی شیخانی نے کہا کہ وہ اپنی والدہ کے نام سے کئی برسوں سے فلاحی کام کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ خدارا والدین کو بے گھر نہ کریں ، ان کا خیال رکھیں یہ نعمت ہر کسی کو میسر نہیں ملتی ہے۔ جو بزرگ بے سہارا ہیں ان کے لیے ان کے بڑے بیٹے ظفر عباس اور چھوٹے بیٹے علی شیخانی نے نمائش پر اولڈ ایج ہوم کھولا ہے ان کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں، جے ڈی سی فاؤنڈیشن پاکستان کے جنرل سکریٹری تمغہ امتیاز ظفر عباس نے کہا کہ چوتھے اولڈ ایج ہوم میں بقیہ تینوں اولڈ ایج ہومز کی طرح رہائش ، کھانے پینے اور طبی سہولیات میسر ہیں ، نئے اولڈ ایج ہوم میں گراؤنڈ فلور پر مردوں اور فرسٹ فلور پر خواتین کے رہنے کے انتظامات ہیں ۔ تقریب میں ریسکیو 1122 کے سی ای او بریگیڈیئر طارق قادر ، امریکا سے آئے ہوئے خصوصی مہمان ریاض صاحب اور سردار مگن سنگھ نے بین المذاھب ہم آہنگی کے نمائندے کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس سے قبل جے ڈی سی کے تین اولڈ ایج ہوم ابوالحسن اصفہانی روڈ ، سرجانی ٹاؤن اور بفرزون میں قائم ہوچکے ہیں۔