قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی میزبانی میں 19اور 20 دسمبر کو اٹھارہویں اسپیکرز کانفرنس منعقد ہو گی
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے و یژن کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی میزبانی میں 19 اور 20 دسمبر 2024 کو اٹھارویں اسپیکرز کانفرنس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
18ویں اسپیکرز کانفرنس ایک دہائی کی طویل مدت کے بعد منعقد ہونے جارہی ہے، کانفرنس سردار ایاز صادق کے ملک کے قانون ساز اداروں کے مابین تعاون میں اضافے اور قانونی چیلنجز کو حل کرنے کے عزم کا اظہار ہے۔
کانفرنس میں ملک کے قانون ساز اداروں کے اسپیکرز اور صدر نشین اپنے پارلیمانی وفود کے ساتھ شریک ہونگے اور تحقیق پر مبنی قانون سازی کے فروغ اورقانون ساز ادارون کے مابین رابطوں کو مضبوط بنانے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کریں گے۔اٹھاروین اسپیکرز کانفرنس میں جن اہم موضوعات پر توجہ مرکوز کی جائے گی ان میں پارلیمانی کارروائی میں نظم و ضبط اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے انسیٹیوٹ آف ویپس کو مزید مضبوط اور بااختیار بنانا، عوام کی پارلیمان تک رسائی بڑھانے کے لیے ورچوئل پارلیمنٹ کا قیام، پارلیمنٹ اور عوام کے مابین رابطوں کو بہتر بنانا، قانون سازی کے عمل کو آسان بنانے کے لیے قواعد و ضوابط میں ترمیم، بین الصوبائی پارلیمانی روابط کو مضبوط بنانا ،قانون ساز اداروں کے درمیان تجربات اور بہترین روایات کے تبادلے کے لیے طریقہ کار وضع کرنا، پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول کیلئے قانون ساز اداروں کے مابین رابطوں میں اضافہ، صنفی مساوات، نوجوانوں کی نمائندگی، اور بچوں کے حقوق اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے جیسے اہم مسائل شامل ہیں