کراچی پاراچنار واقعے کے خلاف مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر گزشتہ رات سے احتجاجی دھرنے شروع ہوگئے ہیں۔
پارا چنار میں 80 روز سے زائد بند شاہراہ کھلوانے اور عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے کراچی میں یہ دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔ اس وقت ابوالحسن اصفہانی روڈ عباسی ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ سماما شاپنگ سینٹر، اور نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر دھرنے جاری ہیں۔
نیشنل ہائی وے ملیر 15 برج، نمائش چورنگی، اور شارع فیصل چھوٹا گیٹ سے قائدآباد جانے والے راستوں پر بھی مظاہرے جاری ہیں۔
دوسری جانب کرم ایجنسی تحصیل چیئرمین اپرکرم آغا مزمل حسین کا کہنا ہے کہ پاراچنار مین شاہراہ کی 80 روز سے جاری بندش سے ایندھن، خوراک اور ادویات کے ختم ہونے سے بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ علاج نہ ملنے سے سو بچوں کا دم توڑنا تاریخ کا بدترین ترین ظلم ہے۔ تحصیل چیئرمین نے فوری راستے نہ کھولنے کی صورت میں بلدیاتی نمائندوں سمیت مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
راستوں کی بندش کے خلاف شہریوں کا دھرنا ایک ہفتے سے جاری ہے، شدید سردی کے باوجود پریس کلب کے باہر دھرنے میں لوگوں کی کثیر تعداد موجود ہے۔
ڈپٹی کمشنر جاویداللہ محسود کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں کو ادویات پہنچانے اور مریضوں کو پشاور پہنچانے کے لئے ہیلی کاپٹر سروس چلائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث فائرنگ کے واقعات کے راستے بند کئے گئے ہیں۔