معاہدے پر دستخط ،کرم امن جرگہ کامیابی سے مکمل!ملک بھر میں جاری دھرنے ختم

کرم میں قیام امن کے لیے کوہاٹ میں تین ہفتوں تک جاری رہنے والا جرگہ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا، اور دونوں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ معاہدے کے تحت فریقین کرم میں امن کے قیام کے لیے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔

کمشنر کوہاٹ کی نگرانی میں ہونے والی اس تقریب میں معاہدے پر دستخط کیے گئے، جس کے بعد دونوں فریقین نے اپنے عزم کا اظہار کیا کہ وہ کرم میں دیرپا امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ معاہدے میں طے پایا کہ فریقین کرم میں غیر قانونی بنکرز کو ختم کریں گے اور اسلحہ جمع کرنے کی کارروائی شروع کریں گے۔

اس کے علاوہ، معاہدے کے تحت حکومت کرم کے راستوں کو کھولنے اور عوامی نقل و حمل کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔ کرم میں سیکیورٹی کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے حکومت ایک خصوصی فورس تشکیل دے گی جس میں 399 ارکان شامل ہوں گے، اور یہ فورس کرم کے راستوں کی حفاظت اور امن کے قیام میں مدد فراہم کرے گی۔

معاہدے کا باضابطہ اعلان گورنر ہاؤس پشاور میں کیا جائے گا، جہاں فریقین ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں طے شدہ فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔

دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین نے ملک بھر سے دھرنے ختم کرنےکا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصرعباس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فریقین نےمعاہدے پر دستخط کردیئے، میرا مطالبہ ہےکہ فوری طورپر معاہدے پر عمل درآمد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دھرنوں کو ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں، مجھے امید ہے ایپکس کمیٹی کےفیصلوں پرعمل ہوگا، تمام مظاہرین پرامن طریقے سے گھروں کو چلے جائیں۔

راجہ ناصر عباس کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کراچی واقعے پر تحقیقات کرائیں، امن معاہدے پر عملدرآمد کے لیے حکومت سستی نہ کرے، بے گناہوں کا خون بہا کر انہوں نے اپنے منہ پر کالک ملی۔

اسلام آباد سے دھرنہ ختم کرنے کے اعلان کے بعد ملک بھر میں جاری تمام احتجاجی دھرنے ختم کر دیئے گئے.