عوام کے ساتھ مل کرپاکستان میں اسرائیل کوتسلیم کرنے کی سازش دفن کردی، مولانا فضل رحمن

پاکستان میں متعین ایرانی سفیر ڈاکٹررضا امیری مقدم نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، ایرانی سفیر نے ان کی خیریت دریافت کی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں مرکزی ترجمان جے یوآئی اسلم غوری، مولانا محمد قاسم ، مفتی ابرار احمد بھی موجود تھے، ایرانی سفیر نے سربراہ جے یو آئی کی صحت و تندرستی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ایران پاکستان تعلقات، علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ میں جاری ناجائز صہیونی ریاست کی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ فلسطین کی حمایت پر جے یو آئی کی کاوشوں اور پاکستان بھر میں شایان شان غزہ یکجہتی مظاہروں پر آپ کو سلام پیش کرتا ہوں۔

مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کے بعد ایرانی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امریکا کبھی امت مسلمہ کا خیر خواہ نہیں رہا، اسے ہمیشہ صرف اپنے مفادات عزیز ہوتے ہیں۔

مولانا فضل ا لرحمن نے کہاکہ امریکہ کو غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں نظر نہیں آتیں ،امریکہ اور سامراجی قوتیں مسلم دنیا کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کرر ہی ہیں، فرقہ وارانہ کشیدگی میں امریکہ ملوث ہے ، انہوں نے کہا کہ عالم اسلام فلسطینیوں کی حمایت میں مضبوط آواز بلند کرے ۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالم اسلام فلسطینیوں کی حمایت میں مضبوط آواز بلند کرے، پاکستان، ایران، ترکیہ، سعودی عرب، ملائیشیا دفاع غزہ اوراسرائیل کےخلاف ٹھوس اقدامات اٹھائیں، ہم نے عوام کے ساتھ مل کرپاکستان میں اسرائیل کوتسلیم کرنے کی سازش دفن کردی۔