صائم ایوب کی انجری پر شائقین کرکٹ شدید فکرمند

پاکستان ٹیم کے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب کی انجری نے شائقین کرکٹ کو مایوس کردیا ہے۔ اِن فارم اوپنر جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ شائقین سوشل میڈیا پر ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کر رہے ہیں۔ انہیں یہ بھی فکر ہے کہ صائم ایوب چیمپئنز ٹرافی کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں۔

صائم ایوب کے دائیں ٹخنے کا جنوبی افریقہ میں ایم آر آئی اور ایکسرے کروایا گیا ہے۔ ان کی میڈیکل رپورٹس لندن کے ماہر ڈاکٹروں کو بھجوائی گئی ہیں۔ رپورٹس کی بنیاد پر ان کے علاج اور مستقبل کے بارے میں فیصلہ ہوگا۔

واضح رہے کہ صائم ایوب کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے ساتویں اوور میں ٹخنہ مڑنے کے سبب میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ یہ انجری نہ صرف موجودہ میچ بلکہ آئندہ اہم ٹورنامنٹس کے لیے بھی ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔