پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر نظیر محمد عیاد نےپاکستان میں جامعہ الازہر کا کیمپس کھولنے کا اعلان کر دیا .
یہ اہم اعلان مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر نظیر محمد عیاد نے اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا.
مفتی اعظم مصر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے علما کو مصر بھیجنا چاہیے تاکہ وہ دنیا کی قدیم ترین درسگاہوں میں سے ایک کے تجربات اور تعلیمات سے مستفید ہو سکیں۔
وفاقی وزیر برائے تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان اور مصر دونوں دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کے حامل ممالک ہیں۔ انہوں نے جامعہ الازہر کو پوری اسلامی دنیا کے لیے بے حد اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا خواب ہے کہ وہ اس تعلیمی ادارے کا دورہ کریں، جو اسلامی تعلیمات کا مرکز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت تعلیم جامعہ الازہر کے کیمپس کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔