کرم کے علاقے بگن میں جاری آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں غیر قانونی ہتھیار برآمد کئے گئے ہیں، جبکہ سامان رسد لے کر قافلہ آج پارا چنار کیلئے روانہ ہوگا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بگن میں 19 سے 21 جنوری تک سول ایڈمنسٹریشن، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے مشترکہ سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں غیر قانونی ہتھیار برآمد کئے گئے ہیں۔
آپریشن کے دوران مقامی مشران اور عوام نے بھرپور تعاون کیا اور معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا، یہ کامیابی علاقے میں دیرپا امن کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق آج ممکنہ طور پر سامان رسد لے کر قافلہ پارا چنار کیلئے روانہ ہوگا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پارا چنار بھیجے جانے والے امدادی قافلوں پر مسلسل حملوں کے بعد ،شرپسندوں کیخلاف یہ آپریشن شروع کیا گیا ہے.