امریکی وزیر خارجہ روبیو نے تمام غیر ملکی امدادی پروگرام کو 90 روز کے لیے معطل کردیا۔معطل کیے گئے پروگراموں میں یوکرین، اردن، تائیوان کی امداد کا پروگرام بھی شامل ہے۔
جبکہ صرف ہنگامی خوراک اور اسرائیل اور مصر کے لیے فوجی فنڈ نگ کو استثنیٰ دیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے امریکا کے تمام سفارتی اور قونصل مشنز کو محکمہ خارجہ کی جانب سے حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام امدادی پروگرام فوری طورپر معطل کر دیں اور اس ضمن میں تمام کام بند کر دیئے جائیں۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے تاحال اس خبرکی تصدیق نہیں کی، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق اس خبر سے امریکی محکمہ خارجہ کے ملازمین میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
حکام سے کہا گیا ہےکہ اس وقت تک کوئی نیا امدادی پروگرام شروع یا موجودہ پروگرام کو توسیع نہ دی جائے جب تک کہ اس بارے میں جائزہ لے کر منظوری نہیں دے دی جاتی۔