تحریک انصاف کے بعد حکومت نے بھی مذاکراتی عمل ختم کردیا،عرفان صدیقی کی تصدیق

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بعد حکومت نے بھی مذاکراتی عمل ختم کر دیا ،جس کی تصدیق حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹرعرفان صدیقی کی جانب سے گر دی گئی ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے سعودی نیوز ایجنسی ’’اُردو نیوز‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے، تحریک انصاف والے جس تیزی کے ساتھ مذاکرات کے لیے آئے تھے اسی تیزی سے واپس چلے گئے ۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ ہم نے بہت سے معاملات پر غور کر لیا تھا، جوڈیشل کمیشن بنانے کے مطالبے پر بھی ریڈ کرا س نہیں لگایا تھا، ہمارے وکلاء کا مشورہ تھا کہ جب معاملات عدالتوں میں ہوں تو اس پر جوڈیشل کمیشن نہیں بن سکتا۔انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود ہم نے دو ٹوک جواب دینے کے بجائے یہ سوچا تھا کہ ہم یہ جواب دیں گے کہ ہمارے وکلاء کی یہ رائے ہے آپ اپنے وکلاء کو بلا لیں جو اپنی رائے دیں۔ ہمیں قائل کریں اور ہم مل کر بیچ کا کوئی راستہ نکال لیں گے۔