اینٹی کرپشن عدالت کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے 3 فروری کو وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی تھی. عدالت نے آج اس کیس کا باقاعدہ فیصلہ سنادیا ہے. فیصلے میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو رمضان شوگر مل گندہ نالہ کیس میں بری کر دیا گیا ہے، جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے فیصلہ سناتےہوئے کہا کہ سزا کا کوئی امکان نہیں ہے. احتساب عدالت لاہور میں رمضان شوگر ملز ریفریس کی 105 جبکہ اینٹی کرپشن عدالت میں 13 مرتبہ سماعت ہوئی.نیب لاہور نےرمضان شوگر ملز ریفرنس میں تحقیقات کا آغاز11 جولائی 2017 میں کیا تھا، نیب کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے 2015 میں چنیوٹ میں رمضان شوگر ملز کے لیے نالہ تعمیر کروایا، جس کی تعمیر سے ملکی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان ہوا. مذکورہ کیس میں شہباز شریف 4 ماہ 9 دن تحویل میں رہے، جبکہ حمزہ شہباز شریف کو رمضان شوگر ریفرنس میں 7 ماہ 26 دن تحویل میں رکھا گیا.
