چیمپئنز ٹرافی ،قومی ٹیم کی بھرپور تیاری ، حارث بھی ان ایکشن

فاسٹ بالر حارث رؤف نیوزی لینڈکے خلاف پہلے میچ میں انجرڈ ہوئے تھے ، ایک ہفتے مکمل آرام کے بعد حارث نے گزشتہ روز نیٹس پر ہلکی پھلکی ٹریننگ شروع کی۔ حارث رؤف نے سیشن کے آغاز میں تنہا نیٹس پر گیندیں کرائیں۔

اس دوران حارث رؤف نے بالنگ کی لیکن وہ چند ہی اوور کرانے کے بعد تھرو کی پریکٹس کرتے نظر آئے جبکہ ٹیم کے دیگر بالرز پورے ردھم کے ساتھ بالنگ اور بیٹر بیٹنگ کرتے رہے ۔ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے اوول گراؤنڈ میں تین گھنٹے تک بھرپور پریکٹس کی، کھلاڑیوں نے کوچز کی نگرانی میں بیٹنگ اور بالنگ کی پریکٹس کی۔ٹریننگ سیشن کے آغاز میں کھلاڑیوں نے ایکسرسائز ڈرلز میں حصہ لیا۔

دوسری طرف سابق فاسٹ بالر محمد عامر نے حارث رؤف کی انجری سے متعلق قومی کرکٹ ٹیم کو خبردار کر دیا ہے ۔ محمد عامر نے کہا کہ اگر حارث رؤف انجری سے مکمل نجات حاصل نہیں کر پا رہے تو قومی ٹیم کو انہیں چیمپیئنز ٹرافی کے میچز میں شریک کروا کر خطرہ مول نہیں لینا چاہیے ۔ عامر نے کہا کہ محض تین میچز کے لیے اپنے کیرئیر کو خطرے میں ڈالنا بے وقوفی ہوگی کیونکہ انجری کے ساتھ حارث رؤف میچ میں اپنا 100 فیصد نہیں دے سکیں گے ۔ حارث رؤف سائیڈ سٹرین انجری کا شکار ہیں تو وہ چھ ہفتوں سے قبل مکمل ٹھیک نہیں ہو سکتے لیکن اگر ایسا نہیں تو پھر معاملہ مختلف ہے ۔