جے ڈی سی روزگار پروگرام:علی شیخانی نے 100 سے زائد لوگوں کو روزگار دیدیا

کراچی:فلاحی تنطیم جےڈی سی اور معروف بزنس مین علی شیخانی کی جانب سے جے ڈی سی روزگار پروگرام کے تحت 100 سے زائد بےروزگار افراد میں سبزیوں کے ٹھیلے تقسیم کئے گئے. اس موقع پر گورنر سندھ کامران‌خان ٹیسوری اور دیگر سیاسی اور سماجی شخصیات نے بھی نہ صرف شرکت کی بلکہ جے ڈی سی اور علی شیخانی کے اقدام کو بے روزگاری کے خلاف اہم ترین مہم قرار دیا. جنرل سیکریٹری جے ڈی سی ظفر عباس کا کہنا تھا کہ نمائش چورنگی پر ہونیوالے سحری پروگرام میں ہر سال یہ بھی کوشش کی جاتی ہے کہ مجبور ، بے سہارا اور نادار لوگوں کی ہر ممکن مدد ہوسکے ساتھ ہی لوگوں کے لئے ایسی سہولیات فراہم کی جاسکیں جس سے وہ با عزت طریقے سے اپنے اور اپنے گھر والوں کے لئے رزق کماسکیں. ظفر عباس کا کہناتھا پہلے مرحلے میں 100 سے زائد بے روزگار افراد میں سبزی کے ٹھیلے مکمل سامان کے ساتھ فراہم کر دئیے گئے ہیں اور مزید آنیوالے دنوں میں بھی اس قسم کے اقدامات کرتے رہیں گے. اس سے قبل گذشتہ افطار میں بھی علی شیخانی کی جانب سے ایک معذور شخص کے لئے رکشے کا تحفہ فراہم کیا گیا تھا. واضح رہے کہ امریکی بزنس مین علی شیخانی اور جے ڈی سی مل کر نمائش چورنگی کراچی میں ہزاروں افراد کے لئے سحر و افطار کا اہتمام کررہے ہیں، جہاں آنیوالے تمام شرکا کے لئے عیدی انعامات بھی دئے جاتے ہیں.