سینیٹر فیصل واوڈا نے وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان پر انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا

سینیٹر فیصل واوڈا نے وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان پر انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کے دعوؤں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ’’وزیراعظم کے پانچ ہزار روپے میں سے صرف چولہا ہی جل سکتا ہے، وہ بھی بغیر گیس کے۔

فیصل واوڈا نے بتایا کہ بجٹ کے دوران صرف ہلکی گرماگرمی نظر آئے گی، بانی تحریک انصاف کو کوئی ڈیل آفر نہیں ہوئی۔ میں تحریک انصاف کا نہ حصہ تھا اور نہ اب جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ لکھ لیں نہ کوئی دھرنا ہوگا اور نہ احتجاج، یہ سب ٹو پی ڈرامہ ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے ٹرمپ کارڈ سے پلے کارڈ تک کا سفر کیا ہے، بکرا عید بھی آجائے گی لیکن کچھ نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشو اٹھانے کے بعد 72 گھنٹوں میں 60 ارب روپے واپس اکاؤنٹ میں آگئے جب کہ 2024 میں جو 500 ایکڑ کی اپروول تھی وہ میرے نوٹس پر کینسل ہوئی۔

آرمی چیف کی تعریف کرتے ہوئے سینیٹر واوڈا نے کہا کہ آرمی چیف نے روشنی کی کرن دکھائی، پاکستان پہلے سیاست بعد میں ہے۔ آرمی چیف کے احتساب کے عمل کو دیکھتے ہوئے میں نے پاکستان کے مفاد میں کام کرنے کا بیڑا اٹھایا۔

فیصل واوڈا کہتے ہیں کہ دعا گو ہوں کہ وزیر صاحب اپنی وزارت چلا سکیں اور جو چیزیں میں لے کر آیا تھا، ان کو جمع کرنے میں پانچ سال لگتے جب کہ میرے ٹارگٹ میں 1500 ارب روپے واپس کرانا شامل ہے۔

انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں بانی تحریک انصاف کے ساتھ تھا اور اگر وہ مجھے آدھی رات کو بھی بلائیں گے تو میں جاؤں گا۔