غیر ملکی قوتیں پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتی ہیں، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے نے عائشہ منزل پر سحری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، پوری ٹاؤن کمیٹی، اور تمام کارکنوں کو سلام پیش کیا۔انھوں نے کہا کہ آج ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے ساتھ ایف بی ایریا کا استقبال ناقابل یقین تھا، جو 1986 کی ایم کیو ایم کی تاریخ کو یاد دلاتا ہے جب کارکنان اور عوام کا جوش و جذبہ عروج پر تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی قوتیں پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتی ہیں، مگر کراچی کے غیور نوجوان ان کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

گورنر سندھ نے سابق حکومتی دعووں کا بھی ذکر کیا کہ کچھ لوگ ایک لاکھ نوکریاں دینے کا وعدہ کرتے تھے، مگر ایسا کچھ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے اختیار نہ ہونے کے باوجود ہزاروں لوگوں کو آئی ٹی کورسز فراہم کیے، راشن تقسیم کیا اور افطار کی تقاریب کا اہتمام کیا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ جب تک وہ اس منصب پر ہیں، وہ رات دن کام کرتے رہیں گے اور ایف بی ایریا کے عوام کی خدمت کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کریں گے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 2018 کے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے انہیں ہرانے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کا نصیب اور مقدر واپس لوٹایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر میں ہر مصنوعی طریقہ اختیار کیا گیا تاکہ شہر کی ترقی روکی جا سکے، لیکن وہ سازشیں ناکام ہو چکی ہیں۔اس شہر کا اقتدار واپس لوٹے گا اور وزیراعلیٰ سندھ بھی واپس آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ایم کیو ایم پاکستان عوام کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف ہے۔