وزیر ریلوے کا بلوچستان میں ٹرین سروس بحال کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کل 27 مارچ سے بلوچستان میں ٹرین سروس بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ کل پشاور سے کوئٹہ جعفر ایکسپریس روانہ ہوگی اور پرسوں کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ بولان ایکسپریس اب سے روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائے گی جو پہلے ہفتے میں دو دن چلتی تھی جب کہ بلوچستان سے اب 3 کے بجائے 9 مسافر ٹرینیں چلائیں گے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ 29 تاریخ کو عید کے لئے اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے روانہ ہوگی جب کہ عید کے پہلے تین دنوں کے لئے 20 فیصد رعایت رکھی گئی ہے۔

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ ریلوے اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے ایشوز ہیں جب کہ ریلوے پولیس میں 500 نئی بھرتیاں کی جائیں گی جن میں 70 فیصد کا تعلق بلوچستان سے ہوگا۔