گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی میں ڈمپرز جلانے اور سڑک بند کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے ڈمپر حادثات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ شہریوں کا ہیوی ٹریفک اور اس سے ہونے والی اموات پر غم و غصہ بجا ہے، تاہم قانون شکنی کسی صورت قبول نہیں کی جا سکتی، انہوں نے کہا کہ تمام شہری پرامن رہیں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے سے گریز کریں۔
کراچی لاوارث نہیں، میرے بہن بھائی کسی خوف کا شکار نہ ہوں،ڈمپر سے حادثہ اور سڑک بلاک کیے جانے کے بعد اب صورتحال قابو میں ہے.
گورنر سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا، اشتعال انگیزی سے صرف نقصان ہی ہوگا، کوئی بھی شخص بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش میں کامیاب نہ ہونے دے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ عناصر شہر کا امن خراب کرنے کی ناپاک کوشش کر رہے ہیں لیکن چنگاری پھینک کر آگ بھڑکانے کی ان سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
کامران ٹیسوری نے تمام اداروں پر زور دیا کہ حالات کو قابو میں رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔
اس دورے میں گورنر سندھ کے ہمراہ ایم پی اے معاذ محبوب سمیت گورنر سندھ کی ٹیم ان کے ساتھ موجود تھی.