خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ کیس، آمنہ عروج، ممنون حیدر، ذیشان کو 7، 7 سال قید کی سزا

انسداد دیشتگردی عدالت نے خلیل الرحمان ہنی ٹریپ کیس میں تاوان مانگنے والے ملزمان کو سزائیں سنا دیں۔

تفصیلات کے مطابق خلیل الرحمان ہنی ٹریپ کیس کی سماعت لاہور کی انسداددہشتگردی عدالت(اے ٹی سی) میں ہوئی۔
دوران سماعت عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ مجرمان آمنہ عروج، ممنون حیدر اور زیشان تاوان مانگنے کے جرم میں سزا کے مستحق پائے گئے ہیں۔

عدالت نے تینوں کو سات، سات سال قید کی سزا سنائی، جبکہ مقدمے میں شامل دیگر ملزمان کو ناکافی شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا گیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے خلاف تاوان مانگنے کے شواہد موجود ہیں، تاہم ان پر اغوا کا الزام ثابت نہیں ہوتا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ جرم کی سنگینی کے پیش نظر سزا سنائی گئی ہے تاکہ معاشرے میں اس قسم کے جرائم کی روک تھام ممکن ہو۔

خیال رہے کہ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے خلیل الرحمان قمر کو چالاکی سے ہنی ٹریپ کر کے اغوا کیا اور پھر تاوان طلب کیا تھا۔ پولیس کی تفتیش اور پراسیکیوشن کے دلائل کی روشنی میں عدالت نے ملزمان کے خلاف فیصلہ سنایا۔