بے دخل کئے جانے والے غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 48 ہزار 870 ہوگئی

ملک بھر میں غیر قانونی رہائش پذیر افغان شہریوں کی بے دخلی کا سلسلہ جاری ہے، گذشتہ روز طورخم سرحد کے راستے 2 ہزار 4 سو18 غیر قانونی مقیم افغان شہری بے دخل کئے جا چکے ہیں۔

آج نیوز ویب گاہ کے مطابق 13 اپریل کو 13,000 سے زائد غیر قانونی افغان باشندوں کو وطن واپس روانہ کیا گیا،مجموعی طور پر پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی تعداد 948,870 تک پہنچ چکی ہے،حکومتِ نے واپس جانے والوں کے لیے خوراک اور صحت کی بہترین سہولیات فراہم کیں ہیں۔

امیگریشن ذرائع کے مطابق گذشتہ روز 2 ہزار 418 افراد پر مشتمل 452 غیر قانونی مقیم افغان خاندان لنڈیکوتل ٹرانزٹ کیمپ آئے، جنھیں قانونی کاروائی پوری ہونے کے بعد انہیں طورخم سرحد کے راستے ڈی پورٹ کردیا گیا۔

دوسری جانب پڑوسی ملک ایران نے بھی ابتک 11 لاکھ افغان مہاجرین کو ملک سے بے دخل کردیا ہے.اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق ایران میں تقریباً 40 لاکھ افغان باشندے مقیم ہیں جن میں سے زیادہ تر غیر دستاویزی ہیں جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ تعداد 60 سے 80 لاکھ تک ہو سکتی ہے۔

ایرانی حکومت کی جانب سے بھی غیر قانونی طریقے سے مقیم افغان باشندوں کو ملک بدر کرنے کا سلسلہ جاری ہے.