خضدار میں صمند لیویز چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکار شہید ہوگئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق حملہ انتہائی منظم انداز میں متعدد مسلح افراد کی جانب سے کیا گیا، جنہوں نے اندھادھند فائرنگ کرتے ہوئے چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ فورس کے بہادر جوانوں نے حملے کا دلیرانہ مقابلہ کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں چار جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔ شہداء کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی، تاہم حکام نے تصدیق کی ہے کہ وہ چیک پوسٹ پر تعینات تھے اور آخری سانس تک دشمن کے سامنے ڈٹے رہے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے افسوسناک واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صمند لیویز چیک پوسٹ پر ڈیوٹی پر معمور لیویز اہلکاروں پر پہاڑی علاقے سے مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔
انہوں نے بتایا کہ جوابی فائرنگ کافی دیر تک ہوتی رہی تاہم پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ملزمان فرار ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکار شہید ہو گئے، علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور میتیں ٹیچنگ اسپتال منتقل کی جا رہی ہیں۔