امریکا کا لاکھوں ڈالرز کے بھارتی آم لینے سے انکار

لاس اینجلس:امریکا نے بھارت سے بھیجے گئے آموں کی متعدد شپمنٹس قبول کرنے سے انکار کر دیا، جس کے نتیجے میں برآمد کنندگان کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارت سے آموں کی 15 شپمنٹس امریکا روانہ کی گئیں، تاہم ضروری دستاویزی کارروائی مکمل نہ ہونے کی وجہ سے یہ کھیپ امریکی حکام نے مسترد کر دی۔

یہ شپمنٹس ہوائی جہاز کے ذریعے امریکا کے مختلف ایئرپورٹس لاس اینجلس، سان فرانسسکو اور اٹلانٹا پر پہنچیں، مگر انہیں وصول نہیں کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ان آموں کو ممبئی میں 8 اور 9 مئی کو شعاع ریزی (Irradiation) کے عمل سے گزارا گیا تھا، جو ایک لازم عمل ہے جس کا مقصد پھلوں کو کیڑوں سے محفوظ بنانا اور ان کی شیلف لائف بڑھانا ہوتا ہے۔

امریکی حکام کی جانب سے ان آموں کو قبول نہ کیے جانے کے بعد برآمد کنندگان کو دو آپشن دیے گئے یا تو آم ضائع کر دیے جائیں یا انہیں واپس بھارت بھیج دیا جائے۔ اس صورتحال میں برآمد کنندگان نے کھیپ کو تلف کرنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے برآمد کنندگان کو تقریباً 5 لاکھ ڈالر (50 لاکھ بھارتی روپے سے زائد) کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا-