دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور فضائیہ ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان نے اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے کس طرح جرات مندانہ اقدامات کیے۔ اگر بھارت نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو اُسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور افواج کے حوصلے بلند ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے سب یکجا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جوان شہادت کے جذبے سے سرشار ہیں اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

گورنر سندھ نے الزام لگایا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان پر حملہ کیا، تاہم پاکستانی قیادت اور افواج نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی میں متوازن کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ کامران ٹیسوری نے اُمید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان قرض سے نجات حاصل کرے گا اور قوم یوم تشکر منائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ہم مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں-