لاہور میں بارش کے دوران 4 مقامات پر گھروں کی چھتیں گرنے سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے، 6 افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال لیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب مرید وال گاؤں میں گھر کی چھت گرنے سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق امدادی گاڑیاں اور عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا، گھر کی چھت مٹی اور لکڑی سے بنی ہوئی تھی، اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے ملبے تلے پھنسے 2 افراد کو زندہ نکال لیا۔
ریسکیو کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین، 2 بچیاں اور ایک بزرگ شامل ہیں، جن کی شناخت 60 سالہ مانگا، 55 سالہ عشرت، 35 سالہ رانی، 3 سالہ خدیجہ اور 4 سالہ لطیفہ کے ناموں سے ہوئی۔
ادھر رائیونڈ روڈ مشن کالونی میں گھر کی چھت گرنے سے 3 افراد جان بحق ہوگئے۔ ریسکیو کے مطابق اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے ملبے سے ایک فرد کو زندہ نکال لیا۔
ریسکیو کے مطابق رائیونڈ روڈ پر ہی کوٹ جمال پورہ میں لڑکی اور مٹی سے بنی گھر کی چھت گر گئی، حادثے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے ملبے سے 3 افراد کو زندہ نکال لیا۔
ریسکیو کے مطابق مومن پورہ روڈ پر بھی ایک مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، مرنے والوں میں 36 سالہ سلیم مسیح، 34 سالہ نصرت بی بی اور 14 سالہ ساحل مسیح شامل ہیں۔