راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ رات سے جاری موسلا دھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی علاقوں میں نکاسیٔ آب کا نظام جواب دے گیا ہے جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چیف کمشنر راولپنڈی اور ایم ڈی واسا سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے سیلابی صورتحال پر قابو پانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ اجلاس میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات، متاثرہ علاقوں کی صورتحال اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ادھر نالہ لئی میں پانی کی سطح میں خطرناک اضافہ کے بعد خطرے کے الارم بجا دیے گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ نے قریبی آبادیوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ریسکیو ادارے، ضلعی انتظامیہ اور واسا کی ٹیمیں الرٹ کر دی گئی ہیں۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نالہ لئی کے اطراف نہ جائیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کریں۔