سابق حکومت کے بیانات نے پی آئی اے کو نقصان پہنچایا، عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سابق حکومت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کے باعث قومی ایئر لائن پی آئی اے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہی بیانات کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر پی آئی اے پر پابندیاں لگیں، جنہیں اب موجودہ حکومت کی کوششوں سے ختم کرایا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر ہوابازی کی خاص توجہ کے باعث پی آئی اے کا یورپ اور برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے، جو بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے بڑی سہولت ہے۔

انہوں نے شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈکاسٹنگ کارپوریشن سے متعلق بھی گفتگو کی اور کہا کہ کافی عرصے سے اس ادارے کو بند کرنے کی بات چل رہی ہے جس سے سینکڑوں ملازمین کا روزگار خطرے میں ہے۔ ہم نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ادارہ بند نہ کیا جائے۔ عدالت نے ادارے کا بزنس پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، جس پر کام جاری ہے اور جلد عدالت میں جمع کرایا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے عدالت کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے آڈیٹر کو ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم دیا۔

خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وہاں کرپشن عروج پر ہے اور بدانتظامی نے نظام کو مفلوج کر رکھا ہے۔ انہوں نے سوات میں سیاحوں کی جانوں کو لاحق خطرات پر بھی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہاں عوامی تحفظ کو یقینی نہیں بنایا جا رہا۔