پشاور، پنجاب: خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں میں سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوگیا تھا جو شام 4 بجے تک جاری رہے گا جب کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں پولنگ 11 بجے شروع ہوئی جو سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گی۔
کے پی کے اسمبلی میں ارکان کی آمد اور پولنگ کے وقت پولیس کی بھاری نفری تعینات کئی ہے جب کہ میڈیا کی کوریج پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ پولنگ سے قبل اپوزیشن لیڈر، وزیراعلیٰ ، امیدوار اور دیگر ارکان اسمبلی پہنچے۔
اُدھر پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی ایک سیٹ کے لیے پولنگ جاری ہے، جہاں مسلم لیگ ن کی جانب سے چیف وہپ رانا ارشد پولنگ ایجنٹ مقرر کیے گئے،اپوزیشن کی جانب سے رانا شہباز پولنگ ایجنٹ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب شریف اللہ پنجاب اسمبلی میں سینیٹ انتخاب میں پریزائڈنگ آفیسر کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات تک پنجاب اسمبلی میں حکومتی رکن رانا محمد ارشد اور پیر اشرف رسول نے ووٹ کاسٹ کردیا، اپوزیشن رکن آشفہ ریاض فتیانہ ، علی امتیاز وڑائچ اور رانا شہبازنے پنجاب اسمبلی میں ووٹ کاسٹ کردیا۔
پنجاب اسمبلی میں 369 میں سے 130 ووٹ کاسٹ ہو چکے ہیں۔