راولپنڈی میں سی ٹی ڈی اور دیگر حساس اداروں کی بروقت کارروائی سے بڑی تباہی سے بچاؤ ممکن ہوا ہے۔ فتنہ الخوارج کا انتہائی خطرناک دہشت گرد موسیٰ اسلحہ اور بارودی مواد سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گرد کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی، اور یہ دہشت گرد راولپنڈی کے حساس مقامات پر حملہ کرنے کے لیے ریکی کر چکا تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق، گرفتار دہشت گرد افغانستان میں کئی بار دہشت گردی کی تربیت حاصل کر چکا ہے اور فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر سے رابطے میں تھا۔ اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، دستی بم، حفاظتی فیوز وائر، ڈیٹونیٹر، ریموٹ بٹن، پرائمہ کارڈ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشت گرد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ چند روز قبل اس نے حساس مقامات کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر بھی وائرل کی تھیں۔