فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کا اہم سرکاری دورہ کیا، جس دوران انہوں نے چین کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں پاک چین مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور خطے میں امن، ترقی اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے چین کے نائب صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی سیاسی صورتحال، سی پیک میں جاری تعاون اور جغرافیائی و سیاسی چیلنجز پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں جانب سے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور خودمختاری و علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کو دہرایا گیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین، پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے سیاسی امور کے سربراہ اور چیف آف اسٹاف سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹرز آمد پر جنرل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، جو دونوں ممالک کے قریبی عسکری تعلقات کا مظہر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقاتوں میں دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون، مشترکہ تربیت، اور ادارہ جاتی روابط بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ ساتھ ہی دفاعی شعبے میں جدت لانے اور ہائبرڈ و روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے دفاعی اشتراک مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
چینی قیادت نے جنوبی ایشیا میں امن قائم رکھنے کے لیے پاک فوج کے تعمیری کردار کو سراہا اور پاکستان کی علاقائی سلامتی میں مرکزی حیثیت کو تسلیم کیا۔