پاکستان کا ریموٹ سینسنگ سیٹلائیٹ چین کے ذریعے کامیابی سے خلا میں روانہ

اسلام آباد: پاکستان نے خلائی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے چین کے ژچانگ سیٹلائیٹ لانچ سینٹر سے اپنا ریموٹ سینسنگ سیٹلائیٹ کامیابی سے خلا میں بھیج دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ سیٹلائیٹ چوبیس گھنٹے اعلیٰ معیار کی تصاویر فراہم کرے گا، جو شہری منصوبہ بندی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، آفات کے انتظام، زرعی نگرانی، ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور آبی وسائل کے بہتر انتظام میں مددگار ثابت ہوگا۔
پاکستان کی قومی خلائی ایجنسی سپارکو نے چائنا الیکٹرانکس ٹیکنالوجی گروپ کارپوریشن (سی سی ٹی سی) اور مائیکروسیٹ چائنا کے اشتراک سے اس سیٹلائیٹ کو خلا میں بھیجا ہے۔ یہ جدید ارتھ آبزرویشن سسٹم ملک میں پائیدار سماجی و معاشی ترقی کو فروغ دے گا اور معیار زندگی میں بہتری لائے گا۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سپارکو اور چینی ٹیموں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس کامیابی پر فخر کا اظہار کیا ہے، جس سے پاکستان نے عالمی خلائی تحقیق کرنے والے ممالک کی صف میں اپنی جگہ مضبوط کر لی ہے۔