اسلام آباد:یومِ آزادی قریب آتے ہی ملک بھر میں تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ ہر شہر، گلی اور بازار سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور قومی رنگوں سے سجا ہوا ہے، جہاں شہری بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ خریداری میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔
مارکیٹوں، فٹ پاتھوں، اسٹالز اور سڑک کنارے لگے عارضی بازاروں میں بیجز، جھنڈیاں، ٹوپیاں، قومی ربن، گھڑیاں، بچوں کے کھلونے، پلاسٹک کی تلواریں اور دیگر اشیاء دستیاب ہیں جو یومِ آزادی کی مناسبت سے مزین کی گئی ہیں۔ چھوٹے بچے، نوجوان، خواتین اور بزرگ سب ہی یکساں طور پر جشن کی تیاریوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ اس سال عوام کا جوش گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے، اور جیسے جیسے 14 اگست قریب آ رہا ہے، خریداری کا رش بڑھتا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یومِ آزادی صرف ایک جشن نہیں بلکہ یہ دن قومی اتحاد، قربانیوں کی یاد، اور آزادی کی قدر و منزلت کو اجاگر کرنے کا موقع ہے۔ عوام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے ہر سطح پر اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔
