سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک جلد کے کینسر کا شکار

سابق آسٹریلوی کرکٹ کپتان اور دنیا ئے کرکٹ کے مایہ ناز بیٹسمین مائیکل کلارک ایک بار پھرجلد کے کینسر میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

43 سالہ سابق کھلاڑی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی صحت سے متعلق اپڈیٹ شیئر کرتے ہوئے ناک سے کینسر زدہ جگہ کی سرجری کی تصویر پوسٹ کی اور مداحوں کو جلد کی دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیا۔

اپنے حالیہ پیغام کے ذریعے کلارک نے خاص طور پر نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے سورج کی مضررساں شعاعوں سے بچاؤ، جلد کی حفاظت اور باقاعدہ چیک اپ کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ وقت پر تشخیص اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس خطرناک بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔

کلارک نے لکھا، ”جلد کا کینسر ایک حقیقت ہے، خاص طور پر آسٹریلیا جیسے ملک میں۔ آج ناک سے ایک اور حصہ کاٹا گیا۔ یہ ایک دوستانہ یاد دہانی ہے کہ اپنی جلد کا باقاعدہ معائنہ کروائیں۔ احتیاط علاج سے بہتر ہے اور میرے معاملے میں تو جلدی تشخیص اور باقاعدگی سے چیک اپ بہت ضروری ہیں۔“

انہوں نے اپنے معالج کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے مرض کی ابتدائی سطح پر تشخیص کر لی۔