سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا گرفتار، فیصل آباد سینٹرل جیل منتقل، ذرائع

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کو گرفتار کرکے فیصل آباد کی سینٹرل جیل میں منتلق کر دیا گیا۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کے مطابق صاحبزادہ حامد رضا پشاور سے فیصل آباد کی طرف سفر کر رہے تھے کہ اسلام آباد پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔

قائم مقام چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حسن رضا نے صاحبزادہ حامد رضا کو گرفتار کرنے کی تصدیق کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صاحبزادہ حامد رضا کو فیصل آباد پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کو گرفتاری کے بعد فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے انہیں جیل بھجوا دیا۔ سول لائن پولیس صاحبزادہ حامد رضا کو سینٹرل جیل چھوڑ آئی۔

صاحبزادہ حامد رضا کو سانحہ نو مئی کیس میں 10 سال سزا کا حکم سنایا گیا تھا جو کہ مفرور تھے۔ صاحبزادہ حامد رضا کو گزشتہ رات اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ صاحبزادہ حامد رضا ستمبر میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکرٹری انفارمیشن کے عہدے سے مستعفی بھی ہوگئے تھے۔

گزشتہ روز بھی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 26 نومبر جلاؤ گھیراؤ کیس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔

عدالت سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد پولیس سہیل آفریدی اور جنید اکبر کو گرفتار کرنے کے لیے اسلام آباد میں واقع خیبر پختونخوا ہاؤس پہنچی تھی تاہم وزیراعلیٰ وہاں موجود نہیں تھے۔