کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی سب سے بڑی فعال فلاحی تنظیم جے ڈی سی فاؤنڈیشن پاکستان کے لیے عطیات کے جمع کرنے کی تقریب منقعد کی گئی ۔ مخیر تاجر دانش امان کی رہائش گاہ پر سجائی گئی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ تھے۔
اپنے خطاب میں ناصر حسین شاہ نے جے ڈی سی کے سماجی کارناموں کو سراہا اور اپنی ذاتی جیب سے جے ڈی سی کے لیے ایک کروڑ روپے ہدیہ کرنے کا اعلان کیا۔
تقریب میں موجود شرکاء نے بھی دل کھول کر عطیات دیے۔ فنڈ ریزنگ ایونٹ میں جے ڈی سی کے جنرل سیکریٹری تمغہ امتیاز ظفر عباس نے اپنی فلاحی تنظیم کی ملک و عوام کے لیے پندرہ سال سے جاری خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔
تقریب میں”کاٹی “کے صدر فرازالرحمان ،نیلسن پینٹ کے ایم ڈی سراج الدین،ائیر سیال کے نمائندے علی نواز،سابق رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل، الکرم ٹاول کے کاشف مہتاب چاولہ ،الغفور بلڈرزکے کاشف، بینک الفلاح کے عمران اسد اور تاجر برادری سے تعلق رکھنے والی دیگرنمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی ۔