گورنر سندھ سے گورنر پنجاب اور خیبرپختونخوا کی ملاقات، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور گورنر خیبر پختوانخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس سندھ میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ملکی صورتحال، مدارس رجسٹریشن بل، پاراچنار کے مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ مدارس ملک کے تعلیمی نظام کا اہم حصہ ہیں، اور ان کی بہتری کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔

تینوں گورنرز نے پاراچنار کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا عزم ظاہر کیا۔

اس دوران پاراچنار میں مستقل امن قائم کرنے کے لیے عمائدین اور جرگہ سے ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کرم امن کے معاملے میں گورنر سندھ کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ بین الصوبائی روابط سے اتحاد اور ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پاراچنار مسئلے کے حل کے لیے گورنر سندھ کی جاری کوششوں کو سراہا۔

واضح رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری پاراچنار کے مسئلے کے حل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔